بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی موت کو 3 ماہ گزر چکے ہیں تاہم انکی اہلیہ معروف اداکارہ ہیما مالنی آج بھی اس صدمے سے پوری طرح باہر نہیں آ سکیں۔
حال ہی میں برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز کی 79ویں تقریب میں دھرمیندر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جسے عالمی سطح پر انکی خدمات کا بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہیما مالنی نے کہا دھرمیندر کی مقبولیت سرحدوں سے ماورا تھی اور دنیا بھر میں انکے مداح موجود تھے، وہ ایسی شخصیت تھے جن کی موجودگی کی بازگشت دنیا بھر میں سنائی دیتی تھی، بیرون ملک مداح انہیں دیکھ کر بے قابو ہو جاتے تھے، ہم زیادہ سفر اکٹھے نہیں کر پاتے تھے البتہ شوٹنگ کے دوران ساتھ وقت گزارتے تھے، ہم اکثر ایک ساتھ فلمیں سائن کرتے تاکہ زیادہ وقت اکٹھا گزار سکیں۔
ہیما مالنی نے جذباتی انداز میں اعتراف کیامیں آج بھی اپنے شوہر کی جدائی کو قبول نہیں کر پا رہی، میں ہر لمحہ انہیں یاد کرتی ہوں اور خود سے پوچھتی رہتی ہوں کیا وہ واقعی چلے گئے ہیں؟ میں ان سے دوبارہ کب ملوں گی؟۔


