بیجنگ (شِنہوا) چین کی جنگلات اور سبزہ زاروں کی قومی انتظامیہ نے کہا ہے کہ چین نے حالیہ برسوں کے دوران اپنے ماحولیاتی تحفظ اور ویٹ لینڈ کی بحالی کی کوششوں کو مسلسل مستحکم کیا ہے، جس کے نتیجے میں چین کا مجموعی ویٹ لینڈ اب ایشیا میں پہلے اور دنیا میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔
زمین کے اہم ماحولیاتی نظاموں میں سے ایک ہونے کے ناطے ویٹ لینڈ کی ماحولیاتی، سماجی، اقتصادی اور ثقافتی اہمیت ناقابل متبادل ہے۔
حالیہ برسوں کے دوران چین نے ویٹ لینڈز کے تحفظ کے لئے اپنے قانونی حفاظتی اقدامات کو مضبوط کیا ہے، متعلقہ قوانین اور قواعد وضوابط کو نافذ کر کے اپنے نظم ونسق کو بہتر بنایا ہے۔ اس وقت تک 21 صوبائی سطح کے خطوں نے ویٹ لینڈز کے تحفظ کے مقامی قواعد وضوابط تیار یا ان میں ترمیم کی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق چین نے درجہ بندی پر مشتمل ویٹ لینڈ کا انتظامی نظام قائم اور اسے مسلسل بہتر بنایا ہے۔ چین نے 82 مقامات کو عالمی اہمیت کے حامل ویٹ لینڈ علاقے قرار دیا ہے اور 80 مقامات کی قومی اہمیت کے حامل ویٹ لینڈ کے طور پر نشاندہی کی ہے، اس کے ساتھ ایک ہزار 208 علاقوں کو صوبائی سطح کے اہم وٹ لینڈ قرار دیا گیا ہے۔
چین میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ 22 ویٹ لینڈ شہر موجود ہیں اور یہ تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ 903 قومی ویٹ لینڈز پارکس قائم کئے جا چکے ہیں، جن میں سے تقریباً 90 فیصد عوام کے لئے مفت داخلے کی سہولت فراہم کرتے ہیں اور یہ پارکس سالانہ تقریباً 32 کروڑ سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔


