جمعہ, فروری 6, 2026
ہومانٹرنیشنلروس کیساتھ جنگ میں 55 ہزار یوکرینی فوجیوں کی ہلاکت کا انکشاف

روس کیساتھ جنگ میں 55 ہزار یوکرینی فوجیوں کی ہلاکت کا انکشاف

روس کیساتھ جاری جنگ کے حوالے سے یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے بڑا انکشاف کیا ہے اور کہا ہے کہ جنگ میں اب تک تقریباً 55ہزار یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں فوجی تاحال لاپتہ ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونیوالوں میں پیشہ ور فوجی اور جبری بھرتی کئے گئے اہلکار دونوں شامل ہیں، انہوں نے لاپتہ فوجیوں کی درست تعداد بتانے سے گریز کیا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس کے یوکرین پر حملے کو چار سال مکمل ہونیوالے ہیں اور متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی میں جنگ بندی کیلئے اہم مذاکرات جاری ہیں۔

صدر زیلنسکی اس سے قبل فروری 2025میں ایک انٹرویو میں یوکرینی فوجی ہلاکتوں کی تعداد 46ہزار سے زائد بتا چکے تھے۔

دوسری جانب واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرین کے تقریبا ًچار لاکھ فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق صرف 2025کے دوران روسی حملوں میں 2,500سے زائد یوکرینی شہری ہلاک اور 12ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے، روس کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

یوکرینی فوجی قیادت کے مطابق 2025میں روس کے تقریباً چار لاکھ 20ہزار فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے جبکہ برطانوی دفاعی انٹیلی جنس کے اندازے کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک روسی فوج کے مجموعی نقصانات 11لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس اسوقت تک جنگ جاری رکھے گا جب تک یوکرین وہ فیصلے نہیں کرتا جو جنگ کے خاتمے کا باعث بن سکیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت دونوں ممالک پر زور دے رہی ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کیلئے کسی سمجھوتے پر پہنچیں تاہم زمین کے کنٹرول، ڈونباس خطے اور زاپوریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ جیسے معاملات پر فریقین کے موقف میں اب بھی واضح فرق موجود ہے، اس وقت روس یوکرین کے تقریباً 20فیصد علاقے پر قابض ہے جن میں کریمیا اور مشرقی ڈونباس کے بڑے حصے شامل ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!