سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں عورتوں، بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کیخلاف ‘رد الفتنہ ون’ آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا اس دوران 216دہشت گرد جہنم واصل کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 29جنوری کو پنجگور اور ہرنائی کے مضافاتی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز فوری حرکت میں آئیں اور دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر کارروائیاں کیں اس دوران بھارت کیساتھ روابط میں موجود 41دہشت گرد مارے گئے۔
بعد ازاں بہادر سیکیورٹی فورسز کی جارحانہ اور ثابت قدم کارروائیوں نے فتنہ الہندستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو عدم استحکام کا شکار بنانے کی مایوس کن کوششوں کو موثر طور پر ناکام بنا دیا اور متعدد علاقوں میں دہشت گردوں کے خفیہ نیٹ ورکس کو ختم کرنے کیلئے انٹیلی جنس کی بنیاد پر وسیع پیمانے پر کارروائیاں شروع کی گئیں، جن میں مسلسل سرچ اور کلیئرنس آپریشنز شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق محتاط منصوبہ بندی، قابل عمل انٹیلی جنس اور مربوط مشترکہ کارروائی کے ذریعے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت سے آپریشن ردالفتنہ 1 کے تحت نہایت درستگی و عزم کیساتھ کارروائی کی، ان مربوط جھڑپوں اور بعد ازاں کلیئرنس آپریشنز کے نتیجے میں 216دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جس سے دہشت گرد نیٹ ورکس کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے اور عملی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا۔


