امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تعداد محدود کرنے کا آخری معاہدہ نیوسٹارٹ گزشتہ روز ختم ہوگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیو سٹارٹ معاہدہ 5فروری کو ختم ہوگیا ہے جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان معاہدہ میں توسیع یا کسی متبادل منصوبے پر کوئی اتفاق رائے بھی نہیں ہو سکا ہے۔
اس حوالے روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف کا کہنا ہے کہ روس سفارتی ذرائع کے ذریعے سٹرٹیجک استحکام برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاہدے کے خاتمے سے ایک دن قبل جاری بیان میں روسی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں فریق اب معاہدہ کے دائرہ کار میں کسی بھی ذمہ داری کے پابند نہیں رہے، آئندہ اقدامات کا آزادانہ طور پر تعین کرنے کیلئے آزاد ہیں۔
2010میں ہونیوالے معاہدے کے تحت امریکا اور روس جوہری وار ہیڈز اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی تعداد محدود رکھنے کے پابند تھے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے امریکا اور روس سے جلد از جلد نئے جوہری معاہدے پر دستخط کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس حوالے سے خدشات ختم ہوسکیں۔


