گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے چین کیساتھ دوستی کو پاکستانی خارجہ پالیسی کا مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چائنہ تعلقات آگے بڑھانے میں پیپلز پارٹی کا کردار اہم ہے، سی پیک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا گیم چینجر منصوبہ ہے، جدت لا کر مزید آگے بڑھائینگے۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کو چینی قونصل جنرل ژا شریں نے گورنر ہائوس لاہور میں سردار سلیم حیدر سے ملاقات کی۔
گورنر پنجاب نے سبکدوش ہونے والے چینی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک چائنہ دوستی کوہ ہمالیہ سے بلند، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مضبوط ستون ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، پاکستان اور پنجاب کے عوام چین سے محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کیساتھ تعلقات آگے بڑھانے میں آصف زرداری نے اہم کردار ادا کیا۔
صدر نے 2008ء سے لے کر 2013ء تک چین کے 14 سرکاری دورے کئے۔
انہوں نے کہا سی پیک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا گیم چینجر منصوبہ ہے اس میں جدت لا کر مزید آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے اٹک جیسے دور دراز علاقے میں ڈسپنسری کے قیام پر چینی قونصل جنرل کے کردار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا چین اور ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے غریب لوگوں کیلئے ڈسپنسری آخری مراحل میں ہے جس کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام اخوت اور محبت کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان اور پنجاب کی عوام کا شکر گزار ہوں، بہت سی یادیں ساتھ لئے جا رہا ہوں۔


