بھارتی اداکارہ مونا سنگھ نے کہا ہے کہ میں نے کبھی سکرین پر اپنی عمر کو مسئلہ نہیں بنایا کیونکہ میں خود پر اعتماد ہوں اور بخوبی جانتی ہوں کہ میں کون ہوں۔
ایک انٹرویو میں مونا سنگھ نے کہا کہ خود کو ثابت کرنے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، اسی لئے میں مختلف اور چیلنجنگ کردار کرنے کا حوصلہ رکھتی ہوں، لوگ اکثر سوال کرتے ہیں کہ میں سکرین پر عمر رسیدہ کردار کیوں ادا کر رہی ہیں لیکن میرے نزدیک اصل اہمیت کردار کی ہوتی ہے جو مجھے بطور اداکارہ جوش اور تسکین دیتا ہے۔
مونا سنگھ نے اعتراف کیا کہ انڈسٹری میں خواتین کو عمر بڑھنے کیساتھ معیاری کردار کم ملتے ہیں، بدقسمتی سے صرف بالی ووڈ میں ہی خواتین کیلئے ایک ایکسپائری ڈیٹ مقرر کر دی جاتی ہے جبکہ مرد اداکار 60برس کی عمر میں بھی رومانوی کردار ادا کرتے رہتے ہیں تاہم میں نے کبھی اس سوچ کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا۔


