بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے فن لینڈ کے کاروباری اداروں کو وسیع چینی مارکیٹ میں کام کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ اپنی عالمی مسابقت کو بڑھا سکیں۔
صدر شی نے یہ بات بیجنگ میں فن لینڈ کے مہمان وزیراعظم پیٹری اورپو سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ توانائی کی منتقلی، گردشی معیشت، زراعت و جنگلات کی صنعتوں اور سائنسی و تکنیکی اختراع جیسے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید گہرا کریں۔
صدر شی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ فن لینڈ ان پہلے ممالک میں شامل تھا جنہوں نے عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے گزشتہ 76 سالوں میں چین اور فن لینڈ کے تعلقات، جن کی خصوصیت باہمی احترام، مساوات، مستقبل پر مبنی سوچ اور باہمی مفید تعاون ہے، بین الاقوامی منظر نامے کی تبدیلیوں کے باوجود مستقل مزاجی سے ترقی کرتے رہے ہیں۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یہ سال چین کے 15 ویں 5سالہ منصوبے کے آغاز کا سال ہے، صدر شی نے کہا کہ چین اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانا اور باقی دنیا کے لئے اعلیٰ درجے کے کھلے پن کو وسعت دینا جاری رکھے گا۔
صدر شی نے کہا کہ فن لینڈ موسم سرما کے کھیلوں کا مرکز ہے اور چین بھی اب موسم سرما کے کھیلوں کے ایک بڑے ملک کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے دونوں اطراف پر زور دیا کہ وہ اس شعبے میں تبادلوں اور تعاون کو فروغ دیں تاکہ اپنی دیرینہ دوستی کو آگے بڑھا سکیں۔
انہوں نے فن لینڈ کے مزید شہریوں کو چین آنے کی دعوت دی تاکہ وہ یہاں کے قدیم ورثے اور جدید زندگی کے امتزاج کا تجربہ کر سکیں۔
صدر شی نے نشاندہی کی کہ دنیا کو متعدد خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے، عالمی برادری کو مشترکہ طور پر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے ممالک کو مساوات کو فروغ دینے، قانون کی حکمرانی کی پاسداری کرنے، تعاون کی تلاش اور دیانتداری کو برقرار رکھنے کے لئے ایک اچھی مثال بننا چاہیے۔
فن لینڈ کے وزیراعظم اورپو نے کہا کہ فن لینڈ کی کمپنیاں تعاون کے لئے چین آنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فن لینڈ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کرنے، اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانے اور تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت، صاف توانائی اور زراعت کے شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کرنے کے لئے تیار ہے۔
اورپو نے یہ بھی واضح کیا کہ فن لینڈ ایک چین کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فن لینڈ بین الاقوامی معاملات میں چین کے اہم اور تعمیری کردار کو سراہتا ہے اور عالمی امن و استحکام کے تحفظ کے لئے چین کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔


