اقوام متحدہ (شِنہوا) ایک چینی مندوب نے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی ادارے کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کریں اور بین الاقوامی قانون کی حکمرانی برقرار رکھیں۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ نے سلامتی کونسل کے ایک کھلے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی نظام، جس کا مرکز اقوام متحدہ اور بنیاد بین الاقوامی قانون ہے، کو یکطرفہ رویے، طاقت کی سیاست اور دھونس دھمکی سے نقصان پہنچایا جا رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے کے مقابلے میں اتحاد اور تعاون کو زیادہ مستحکم کرنے، بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کو دوبارہ فعال کرنے اور امن، سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے نظریے کو حقیقت بنانے کے لئے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ریاستوں کو ایک دوسرے کے ساتھ برابری کا سلوک کرنا چاہیے، ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے، تنازعات کے پرامن حل کے لئے عزم کا مظاہرہ کرنا چاہیے، بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا دھمکی دینے کی مخالفت کرنی چاہیے اور دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے سنہری اصول کی پاسداری کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ کسی بھی ملک کو بین الاقوامی پولیس کا کردار ادا کرنے کا حق حاصل ہو اور ہم کسی ملک کی طرف سے بین الاقوامی جج بننا بھی قبول نہیں کرتے۔ دنیا دوبارہ جنگل کے قانون کی طرف نہیں جا سکتی جہاں طاقتور کمزور کو اپنا شکار بناتا ہے۔


