ہاربن (شِنہوا) چین کے شمال مشرقی صوبے حئی لونگ جیانگ میں چھیاؤ فو دا یوآن زرعی کمپنی لمیٹڈ کے چاول پیک کرنے والے وسیع و عریض پلانٹ میں روبوٹک بازو اعلیٰ معیار کے چاولوں کے تھیلوں کی تہہ لگا رہے ہیں تاکہ انہیں صارفین کو روانہ کیا جا سکے۔
حئی لونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن کے زیر انتظام ایک شہر ووچھانگ جو اعلیٰ معیار کے چاول کی کاشت کے لئے صوبے کا ممتاز علاقہ سمجھا جاتاہے، میں چاول پیدا کرنے والی سینکڑوں کمپنیوں کے درمیان اس فرم کو اعلیٰ معیار کے چاول کی پیداوار کے میدان میں ایک نمایاں کمپنی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
اس کے چاول کے ہر تھیلے پر ایک منفرد کیو آر کوڈ موجود ہے۔ ان کوڈز کو سکین کر کے خریدار بیجوں کی افزائش اور شجر کاری سے لے کر پروسیسنگ، سٹوریج اور ڈیلیوری تک چاول کے پورے سفر کا پتہ لگا سکتے ہیں تاکہ یہ جانچ سکیں کہ آیا تمام خصوصیات مطلوبہ معیار پر پوری اترتی ہیں یا نہیں۔
یہ نظام چاول کے معیار کا واضح ثبوت فراہم کرتا ہے جو ایک بڑھتے ہوئے رجحان یعنی صارف کی ضرورت کے مطابق کاشتکاری کا بنیادی حصہ ہے۔
قومی زرعی طاقت کے مرکز کے طور پر حئی لونگ جیانگ صوبہ اپنی زرخیز سیاہ مٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صارف کی ضرورت کے مطابق کاشتکاری کو فروغ دے رہا ہے، جس کے ذریعے خوراک کی کاشت، اس کی ٹریکنگ اور انفرادی صارفین و کاروباری اداروں کی ضرورت کے مطابق تیاری کے عمل میں تبدیلی لائی جا رہی ہے۔


