پاور ڈویژن نے گردشی قرضے میں 223 ارب روپے اضافے کی خبر گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بینکوں سے معاہدہ مہنگے پی ایل پی ایل قرضے کی ری فنانسنگ کیلئے تھا، سرکلر ڈیٹ فلو سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان پاور ڈویژن نے جاری بیان میں بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران گردشی قرضے میں 223 ارب روپے کے اضافے کی خبر گمراہ کن ہے۔
ترجمان کے مطابق بینکوں کے ساتھ معاہدے کے باوجود جولائی تا نومبر 2025 سرکلر ڈیٹ کا موازنہ غلط ہے، نومبر 2025ء کا جون 2025ء سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا، درست موازنہ گزشتہ جولائی تا نومبر کی مدت سے ہونا چاہئے تھا۔
ترجمان نے وضاحت دی کہ بینکوں سے معاہدے کا سرکلر ڈیٹ فلو سے کوئی تعلق نہیں، بینکوں سے معاہدہ مہنگے پی ایل پی ایل قرضے کی ری فنانسنگ کے لئے تھا۔
ترجمان نے کہا کہ جولائی تا نومبر 2024ء میں اضافہ موسمی عوامل کی وجہ سے ہے، دسمبر 2025ء میں سرکلر ڈیٹ فلو میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جولائی تا دسمبر گردشی قرض میں نیٹ اضافہ 80ارب سے کم رہا ہے جبکہ گردشی قرض میں کمی ڈسکوز کی کارکردگی بہتر بنانے اور لیٹ پیمنٹس کے خاتمے سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق مالی سال 2024-25ء میں سرکلر ڈیٹ کم ہو کر جون 2025ء تک 1614ارب روپے پر آ گیا، ڈسکوز کی کارکردگی بہتر ہوئی اور ایک سال میں 193ارب روپے کے نقصانات کم ہوئے۔
ترجمان کے مطابق جولائی تا دسمبر 2025میں نقصانات میں مزید 49ارب روپے کی کمی ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ 1225ارب روپے سرکلر ڈیٹ سیٹلمنٹ پلان 6سال میں مکمل ہوگا جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک سرکلر ڈیٹ مکمل کنٹرول میں آ جائے گا۔


