وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پریس کلب صحافیوں کی مضبوط آواز ہے، صحافی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
جاری تہنیتی پیغام میں وفاقی وزیر نے ارشد انصاری کو لاہور پریس کلب کا صدر، سلمان قریشی کو سینئر نائب صدر، افضال طالب کو جنرل سیکرٹری، ناصرہ عتیق اور مدیحہ الماس کو نائب صدور، سالک نواز کو خازن اور عمران شیخ کو جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پریس کلب صحافیوں کی مضبوط آواز ہے، جو پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ اور صحافیوں کی یکجہتی کیلئے اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا امید ہے لاہور پریس کلب کی نومنتخب باڈی صحافیوں کے مسائل کے حل، پریس کلب کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔
وفاقی وزیر نے نومنتخب قیادت کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔


