منیلا (شِنہوا) فلپائن کے صوبہ باسیلان کے قریب سمندری حدود میں 350 افراد کو لے جانے والی ایک بین الجزیرہ کشتی پیر کی صبح سویرے ڈوب گئی ، جس کے بعد کم از کم 15 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 28 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
فلپائن کوسٹ گارڈ (پی سی جی ) کے کمانڈر رومیل دوا نے بتایا کہ کم از کم 316 افراد کو بچالیا گیا ہے۔
پی سی جی کے مطابق ایم/وی ٹرشا کرسٹن۔3 نامی کشتی زامبوانگا شہر سے صوبہ سولو کے جزیرے جولو جا رہی تھی کہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات مقامی وقت کے مطابق دو بجے سے پہلے سولو سمندر میں حادجی محتمد بلدیہ کے علاقے بالک-بالک جزیرے کے قریب ڈوب گئی۔
پی سی جی کے چیف ایڈمرل رونی گل گاون نے منیلا میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ کشتی زامبوانگا شہر کی بندرگاہ سے اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات 9:20 بجے روانہ ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ جہاز میں مسافروں کی گنجائش سے زیادہ افراد سوار نہیں تھے۔ کشتی پر مسافروں کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 350 ہے اور کپتان کے بیان کے مطابق اس پر سوار مسافروں کی تعداد 332 تھی۔
ایڈمرل گاون نے کہا کہ کشتی ڈوبنے کی وجہ کا تعین کرنے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔


