ہفتہ, جنوری 24, 2026
ہومتازہ ترینچینی محققین نے ماحول دوست کولنگ ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت حاصل...

چینی محققین نے ماحول دوست کولنگ ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت حاصل کر لی

بیجنگ (شِنہوا) چینی محققین کے ایک گروپ نے ریفریجریشن ٹیکنالوجی میں ایک بڑی پیش رفت حاصل کی ہے اور ایک نیا کولنگ ایفیکٹ دریافت کیا ہے جو کم کاربن اخراج، زیادہ ٹھنڈک کی صلاحیت اور اعلیٰ حرارت کی منتقلی کی کارکردگی کو بیک وقت ممکن بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔

نیچر جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ریفریجریشن ٹیکنالوجی جدید معاشرے کے بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے۔ وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والی ویپر کمپریشن کولنگ چین کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں تقریباً 2 فیصد حصہ ڈالتی ہے تاہم یہ ملک کی تقریباً 20 فیصد بجلی استعمال کرتی ہے اور 7.8 فیصد کاربن اخراج کی ذمہ دار بھی ہے۔

زیادہ کارکردگی اور کاربن کے اخراج میں کمی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے حالیہ برسوں میں محققین نے سالڈ سٹیٹ کیلورک مواد تیار کئے ہیں۔ یہ مواد دباؤ یا مقناطیسی میدان میں تبدیلی کے ذریعے حرارت جذب اور خارج کرتے ہیں جس سے اخراج کے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

تاہم ان مواد میں ایک بنیادی خامی موجود ہے کیونکہ ٹھوس اجسام حرارت کو موثر طریقے سے منتقل نہیں کرتے جس کے باعث بڑے پیمانے پر استعمال کے لئے ان کی کارکردگی کم ہو جاتی ہے۔

چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف میٹل ریسرچ کے لی بنگ کی قیادت میں ایک تحقیقی ٹیم نے این ایچ 4 ایس سی این نمکین محلول میں تحلیل شدہ بیروکیلورک ایفیکٹ دریافت کیا۔ جب اس محلول پر دباؤ ڈالا جاتا ہے تو ٹھوس این ایچ 4 ایس سی این الگ ہو کر حرارت خارج کرتا ہے۔ دباؤ کم کرنے پر یہ نمک تیزی سے محلول میں حل ہو جاتا ہے اور بڑی مقدار میں حرارت جذب کرتا ہے۔

کمرے کے درجہ حرارت پر اس محلول کا درجہ حرارت 20 سیکنڈ کے اندر تقریباً 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم ہو سکتا ہے جبکہ زیادہ درجہ حرارت پر اس سے بھی بہتر ٹھنڈک حاصل کی جا سکتی ہے جو موجودہ سالڈ سٹیٹ کیلورک مواد کی صلاحیتوں سے کہیں زیادہ ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ نیا طریقہ ریفریجرنٹ اور حرارت کی منتقلی کے ذرائع کو ایک ہی سیال میں یکجا کرتا ہے، جس سے کم کاربن اخراج، زیادہ ٹھنڈک کی صلاحیت اور بلند حرارت کی منتقلی کی کارکردگی ایک ساتھ حاصل ہوتی ہے۔

یہ تحقیق نہ صرف ریفریجریشن کا ایک نیا اصول پیش کرتی ہے بلکہ بڑے پیمانے کے ڈیٹا سنٹرز کے کولنگ سسٹمز جیسی جدید اور ماحول دوست کولنگ ٹیکنالوجیز کی ترقی کے لئے ایک اہم سائنسی بنیاد بھی فراہم کرتی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!