فضل الرحمن کے ساتھ مل کر حکومت کیخلاف جلد تحریک شروع کریں گے، اسد قیصر

اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مل کر حکومت کیخلاف جلد تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آئین اور قانون نام کی کوئی چیز نہیں،،سول مارشل لا ہے،اسٹیبلشمنٹ سے معافی کا کوئی تصور نہیں ،مطالبہ غیر آئینی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ان ہاؤس تبدیلی یا نئے الیکشن کے ذریعے ختم کرنے کا آپشن ہے، تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمن اب دور نہیں رہ سکتے، مولانا فضل الرحمن اور ہمارا ایجنڈا ایک ہے اور ان کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف جلد تحریک شروع کریں گے۔
انہوں نے 2018 کی حکومت لینے کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومت لینا تحریک انصاف کی غلطی تھی، ہمیں کمزور حکومت نہیں لینی چاہیے تھی، ہمیں صوبائی اسمبلیاں نہیں توڑنی چاہیے تھیں، میری رائے تھی کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں بھی نہیں توڑنی چاہیے تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے معافی کا کوئی تصور نہیں ہے، ادارے کا معافی کا مطالبہ غیر آئینی ہے، ادارے کو اس طرح سرعام بات نہیں کرنی چاہئے تھی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت سول مارشل لا ہے، آئین اور قانون نام کی کوئی چیز نہیں، سروے کروا لیں 99 فیصد عوام اس حکومت کو جعلی اور مینڈیٹ چور سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے الفاظ نوٹ کرلیں، (ن)لیگ مزید حکومت میں رہی تو اس کی حیثیت مسلم لیگ (ق)سے بھی کم ہوگی، نواز شریف دیکھ رہے ہیں کہ ان کی پارٹی ختم ہو رہی ہے، شہباز شریف کو معلوم ہے کہ وہ، ان کا بھائی اور بھتیجی انتخاب ہار چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے ہتک عزت قانون کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا، بل پر قومی اسمبلی میں بھی احتجاج کریں گے۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts