پی ٹی آئی کا رؤف حسن پر حملے کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن سے کروانے کا مطالبہ

اسلام آباد : پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماء رؤف حسن پر حملے کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن سے کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رؤف حسن پر حملے کیخلاف پولیس ایف آئی آر مسترد کرتے ہیں، اس میں دہشت گردی کا ذکر ہی نہیں، یہ کسی کے دباؤ میں لکھی گئی،جس معاشرے میں قانون کی بالادتی نہیں ہوگی وہاں سرمایہ کاری نہیں ہوگی، پی ٹی آئی کے لوگوں کو نادرا سے شناخت کر کے شام تک گرفتار کرلیا جاتا ،رؤف حسن پر حملے میں ملوث لوگوں کیخلاف ٹیکنالوجی سے مدد کیوں نہیں لی گئی؟۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ رؤف حسن پر بلیڈ سے حملہ ان کی شہ رگ کاٹنے کیلئے کیا گیا مگر چھری نما تیز دھار والے آلے نے ان کا چہرہ چیر ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا ہے، رؤف حسن نے بڑی بہادری سے معاملہ دیکھا۔ انہوں نے کہا ہم لوگ بات کرتے ہیں کہ خلا میں سب خلائی مخلوق ڈھوندنے جاتے ہیں مگر ہمیں تو وہ زمین پر نظر آجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر میں حسن رؤف نے واضح طور پر سب بتایا ،اسلام آباد پولیس کی ایف آئی آر کو مسترد ہیں ،یہ کسی کے دباؤ میں لکھی گئی ہے؟ اس ایف آئی آر میں دہشتگردی نام کی چیز نہیں، یہ دہشتگردی نہیں تو کیا تھا،نہ ان کا بٹوہ چھینا گیا نہ کچھ اور ہوا ،سیدھا ان پر حملہ کیا گیا ،یہ ایک لپٹی ایف آئی آر لکھ کے معاملہ دبانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ رؤف حسن کو انصاف ملنا، میں عمران خان کا پیغام دے رہا ہوں کہ اگر ہمارے کسی بھی لیڈر کے اوپر حملہ ہوا تو ہم پر امن احتجاج شروع کردیں اور اس کا پریشر اس وقت کی کرپٹ حکومت پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں قانون کی بالا دستی نہیں ہوگی وہاں سرمایہ کاری نہیں ہوگی اور ایسے ملک کا نظام نہیں چلے گا، پاکستان میں لاقانونیت ہے، اسلام آباد پولیس کے لوگ تھانوں اور ناکہ بندیوں پر بیٹھ کر رشوت اکٹھے کرتے ہیں، یہ واردات دن دیہاڑے ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے حملہ کیا وہ کہاں ہیں؟ آپ تو پی ٹی آئی کے لوگوں کے پیچھے لگتے ہیں اور نادرا سے شناخت کر کے ٹیمیں ان کے گھروں تک شام کو ہی پہنچ جاتی ہیں تو رؤف حسن پر حملہ کرنیوالوں کیخلاف اس ٹیکنالوجی سے مدد کیوں نہیں لی گئی؟۔
اس موقع پر رؤف حسن نے کہا جو دو سال میں ہماری پارٹی کے ساتھ ہوا وہ کسی کے ساتھ نہیں ہوا، میڈیا کی آواز کو بھی دبایا گیا، اداروں کے ساتھ ملک میں کیا ہو رہا ہے، ان کی تذلیل کی گئی۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts