الجیرز(شِنہوا)الجیریا کی ویسٹرن مائننگ ریلوے کی پٹڑی کی تنصیب مکمل ہوگئی ہے جو افریقہ کی پہلی بھاری مال بردار صحرائی ریلوے ہے۔
575 کلومیٹر طویل یہ ریلوے لائن الجیریا میں کسی چینی کمپنی کی جانب سے مکمل کیا جانے والا سب سے بڑا واحد بنیادی شہری سہولت کا منصوبہ ہے۔ اسے چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن (سی آر سی سی) اور الجیریا کی سرکاری کمپنیوں نے مشترکہ طور پر تعمیر کیا ہے۔
دونوں ممالک کی تعمیراتی ٹیمیں سہارا صحرا کے سخت حالات میں 24 ماہ سے زیادہ عرصے تک کام کرتی رہیں۔ بہتر منصوبہ بندی اور قریبی دوطرفہ تعاون کے ذریعے ریل کی پٹڑی بچھانے کا کام شیڈول سے تین ماہ پہلے مکمل کر لیا گیا۔ مجموعی طور پر 11 لاکھ کنکریٹ کے مضبوط تختے تیار کئے گئے اور 580 کلومیٹر سے زیادہ ریل پٹڑی بچھائی اور ویلڈ کی گئی۔
سی آر سی سی نے کہا کہ اس نے مقامی معیارات کے مطابق تکنیکی حل اپنائے اور 32.5 ٹن ایکسل لوڈ والی مال بردار ٹرینوں اور 160 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کے لئے ریل کی پٹڑی بچھانے کے لئے کنکریٹ کے مضبوط تختے تیار کئے۔
ویسٹرن مائننگ ریلوے بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس کا مقصد الجیریا کے جنوب مغربی علاقے میں کانوں، صنعتی زونز اور بندرگاہوں کو ملانا ہے۔ تکمیل کے بعد یہ منصوبہ نقل و حمل کے روابط کو مضبوط کرے گا اور خطے کی اقتصادی ترقی میں معاون ہوگا۔


