افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی : آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ کافی عرصے سے افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے،دہشتگرد سکیورٹی فورسز کیساتھ عام شہریوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں،توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، ژوب میں ایک ماہ میں 29 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت سے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کافی عرصے سے افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ افغانستان سے دہشتگرد پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرتے ہیں، دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کیساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد کے علاوہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سمبازہ (ژوب)میں 21اپریل سے مختلف آپریشن کئے ہیں، ایک ماہ کے دوران سکیورٹی فورسز نے 29دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 14مئی کو میجر بابر خان نے جام شہادت نوش کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عبوری افغان حکومت کوموثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کیلئے بار ہا کہا ہے، توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اورپاکستان مخالف دہشتگرد کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دیگی۔
آئی ایس پی آرنے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحدوں کو محفوظ بنانے ،دہشتگردی کی لعنت سے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts