پی ٹی آئی کا ہتک عزت قانون کیخلاف عدالت سے رجوع کا اعلان

لاہور : پی ٹی آئی نے ہتک عزت قانون کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے مطابق کسی کی زبان بندی نہیں کی جاسکتی، قانون کیخلاف مزاحمت کریں گے ، پی ٹی آئی صحافیوں کیساتھ کھڑی ہے، دبئی لیکس کیس فوری کھلنا چاہئے ، عدلیہ کا کام لوگوں کے حقوق کی پاسداری کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و رہنماء پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہاکہ ہتک عزت کا کالا قانون بنایا جا رہا ہے، آئین کے مطابق کسی کی زبان بندی نہیں کی جا سکتی، ہم اس قانون کے خلاف قومی اور صوبائی اسمبلی میں مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے ایوب خان کی مارشل لا کی بات کی اس سے پوچھیں نواز شریف نے کیا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بابر اعوان نے عدالت کو پورا قانون سمجھایا ہے، عدالت کا مشکور ہوں جنہوں نے انصاف کیا، میرے پاس اڑن چھو نہیں کہ ایک ہی دن سارے پاکستان میں گھوم لوں، یہ سارے جھوٹے مقدمات ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعلی اور وزیرقانون توہین عدالت کر رہے ہیں، صحافیوں کو پکڑنے کیلئے بنایا گیا قانون نہیں چلے گا، اس قانون کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے، دبئی لیکس کیس کو فوری کھلنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا کام لوگوں کے حقوق کی پاسداری کرنا ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts