اسلام آباد : سربراہ اے ایم ایل شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت غیر مقبول ، جمہوریت گھیراؤ میں ہے، بجٹ میں تنخواہیں پوری کرنا بھی حکومت کے بس کی بات نہیں، حالات ایسے ہوچکے زندگی گزارنا لوگوں کیلئے ممکن نہیں۔تفصیلات کے مطابق عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سربراہ اے ایم ایل و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اتنے کیسز ہیں ہر روز عدالت میں پیش ہورہے ہیں، معلوم نہیں کہ یہ کیس کیا ہے ، بعد میں نام ڈالتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جمہوریت گھیرا ؤمیں ہے، یہ غیر مقبول حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور خاص طور پر بجلی کا بل تباہ کن ہے، بجٹ آرہا ہے اس میں تنخواہیں پوری کرنا بھی حکومت کے بس کی بات نہیں، اس حکومت کی کوئی سن رہا ہے نہ ان کی طرف دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والا بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، غریب کا خیال کریں، بجٹ میں 17گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہ دگنی کی جائے ورنہ یہ لاوا پھٹے گا، حالات ایسے ہوچکے ہیں کہ زندگی گزارنا لوگوں کے بس میں نہیں، جو کچھ غریب عوام کے ساتھ ہورہا ہے وہ بہت زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب ہمارے آزمائشی دوست ہیں، فلسطین کے مسلمانوں کیلئے واضح موقف لینا چاہئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی باتیں قوم سن رہی ہے۔
Load/Hide Comments