ہومپاکستانوزیراعظم کی اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد

وزیراعظم کی اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالی نظم و ضبط و ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے لیکر سرمایہ کاری، برآمدات و انرجی سیکورٹی شعبوں میں نئی رفتار تک پاکستان نے نئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا شروع کر دیا ہے، دعاء ہے کہ نئے سال میں ہمارے کھیت لہلہائیں، گھروں میں امن ہو، قوم امید اور مواقع کی روشنی میں آگے بڑھے۔

سال نو پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ گزرا ہوا سال کئی حوالوں سے ہماری قوم کیلئے آزمائش کا سال رہا، لیکن اسی کے ساتھ اس نے ہماری اجتماعی قوت اور خود اعتمادی کو بھی ایک بار پھر ثابت کیا، استقامت، نظم و ضبط اور مشکل مگر ناگزیر فیصلوں کے ذریعے ہم نے معیشت کو استحکام دینے، اعتماد بحال کرنے اور پاکستان کو معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کے مضبوط راستے پر گامزن کرنے کیلئے کام کیا، یہ کامیابیاں آسانی سے حاصل نہیں ہوئیں بلکہ پاکستانی عوام کی محنت، صبر اور قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ثابت قدمی اور ملک کے مستقبل پر غیر متزلزل یقین پر قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، گزشتہ برس ہم نے دشمنوں کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور دہشت گردی کے ناسور کا بے مثال جرات و بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا، چاہے وہ میدانِ جنگ ہو یا مذاکرات کی میز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مثالی عسکری قیادت کا مظاہرہ کیا جسے پوری دنیا نے قدر کی نگاہ سے دیکھا اور سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بری فوج، فضائیہ اور بحریہ پر بے حد فخر ہے جنہوں نے دشمن کو یہ سبق سکھایا کہ جنگیں دل اور حوصلے سے جیتی جاتی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے معاشی بنیادوں کو مضبوط بنانے، حکمرانی کو بہتر کرنے، سماجی تحفظ کو وسعت دینے اور طویل المدتی ترقی کی بنیاد رکھنے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

مالی نظم و ضبط اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے لے کر سرمایہ کاری، برآمدات اور انرجی سیکورٹی کے شعبوں میں نئی رفتار تک، پاکستان نے نئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام کوششیں ایک مستحکم، خود انحصار اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہیں، جہاں ہر شہری کو باعزت مواقع حاصل ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے تعلیم، مہارتوں، ڈیجیٹل تبدیلی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور زراعت اور صنعت سے لے کر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابلِ تجدید توانائی تک پیداواری صلاحیت بڑھانے، جدت کی حوصلہ افزائی کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہیں، کیونکہ پائیدار ترقی کا آغاز نوجوانوں کیلئے امید اور مواقع سے ہوتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کے بھرپور ثقافتی اور روحانی ورثے کے فروغ کیلئے بھی پرعزم ہیں، ہماری روایات، فنون اور ثقافتی تنوع ہماری طاقت اور فخر کا سرچشمہ ہیں، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ترقی کے ساتھ ساتھ ہماری اقدار، شناخت اور سماجی ہم آہنگی بھی پھلتی پھولتی رہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اعتماد اور ذمہ داری کیساتھ دنیا سے روابط قائم رکھے ہوئے ہے، ہم امن، علاقائی استحکام، کثیرجہتی تعاون اور قوانین پر مبنی عالمی نظام کیلئے اپنے عزم پر قائم ہیں، عالمی غیر یقینی صورتحال اور تنازعات کے اس دور میں پاکستان محاذ آرائی کے بجائے مکالمے، تقسیم کے بجائے ترقی اور یکطرفہ اقدامات کے بجائے تعاون کی وکالت کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اتحاد، نظم و ضبط اور محنت کے ذریعے ایسا پاکستان تعمیر کریں گے جو معاشی طور پر مضبوط، سماجی طور پر منصفانہ اور چیلنجز کے مقابلے میں مضبوط ہو،ہمارا سفر طویل ہو سکتا ہے، مگر ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، دعاء ہے کہ نئے سال میں ہمارے کھیت لہلہائیں، ہمارے گھروں میں امن ہو اور ہماری قوم امید اور مواقع کی روشنی میں آگے بڑھے، ہر پاکستانی بامقصد زندگی گزارے اور اپنی کوششوں میں کامیابی حاصل کرے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں