جمعہ, جنوری 2, 2026
ہومتازہ ترینچین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان میں بلندی پر قائم شمسی توانائی...

چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان میں بلندی پر قائم شمسی توانائی سے پیداوار شروع

چھنگ دو(شِنہوا)دریائے جن شا کے بالائی حصے میں توانائی کے ایک نئے اقدام کے تحت آزمائشی منصوبہ کامیابی کے ساتھ گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

توانائی کی پیداوار کے ایک بڑے سرکاری ادارے چائنہ ہوادیان کارپوریشن لمیٹڈ کی تیارکردہ باتانگ فوٹو وولٹک بجلی منصوبہ کی پیداواری صلاحیت 12 لاکھ کلوواٹ ہے۔ یہ منصوبہ چین کے 14 ویں 5 سالہ منصوبے (2021-2025) کا ایک اہم جزو ہے۔

یہ منصوبہ چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان کی گارزے تبتن خودمختار پریفیکچر کی باتانگ کاؤنٹی میں 4 ہزار سے 5 ہزار 100 میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور یہ تقریباً 25 ہزار مُو (1,666.7 ہیکٹر) رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں 21 لاکھ 70 ہزار فوٹو وولٹک ماڈیولز شامل ہیں۔ اہم بنیادی ڈھانچے میں 122 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائنیں اور 220 کلو وولٹ کے2 ذہین بوسٹر سٹیشن شامل ہیں۔

منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹیم نے کئی تکنیکی چیلنجز پر قابو پایا جن میں بلند سطح کے اثرات، برف، زلزلے اور منجمد زمین کی بنیاد کی استحکام شامل ہیں۔ ان کامیابیوں نے بلند سطح کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوٹو وولٹک منصوبوں کی ترقی کے لئے قیمتی تجربات فراہم کئے ہیں۔

دریائےجن شا کے بالائی حصے میں صاف توانائی کے اہم مرکز کے طور پر منصوبے نے تعمیر کے دوران مقامی لوگوں کے لئے 2 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کئے اور منصوبے کی تعمیر، ماحولیاتی تحفظ اور لوگوں کی روزمرہ زندگی کے درمیان توازن قائم رکھا۔

فعال ہونے کے بعد اس منصوبے سے چین کے وسطی علاقوں کوسالانہ 2.1 ارب کلو واٹ آور ماحول دوست بجلی فراہم کئے جانے کی توقع ہے۔ اس سے تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار ٹن معیاری کوئلے کی بچت ہوگی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 17 لاکھ ٹن سے زائد کی کمی آئے گی۔ اس منصوبے کا کردار چین کی توانائی کی حفاظت کو یقینی بنانے، قومی توانائی کے ڈھانچے کو بہتر بنانے، مربوط علاقائی ترقی کو فروغ دینے اور ملک کے کاربن کے اخراج کی بلند ترین سطح اور کاربن کے اخراج کے خاتمےکے اہداف کو حاصل کرنے میں انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل ہو گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!