ٹوکیو(شِنہوا)چینی کار ساز کمپنیاں 2025 میں پہلی مرتبہ جاپانی صنعتکاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئی گاڑیوں کی فروخت میں دنیا کی سب سے بڑی فروخت کنندہ بننے جا رہی ہیں۔
جنوری سے نومبر 2025 تک کمپنیوں کی جانب سے جاری کردہ معلومات اور ایس اینڈ پی گلوبل موبیلٹی کے اعداد و شمار پر مبنی نکئی کے اندازے کے مطابق چینی کار ساز ادارے اس سال دنیا بھر میں تقریباً 2 کروڑ 70 لاکھ گاڑیاں فروخت کریں گے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دوسری جانب جاپانی کار ساز کمپنیوں کی مجموعی فروخت تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ گاڑیوں پر برقرار رہنے کی توقع ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جاپانی کار ساز جو گزشتہ 20 برس سے زائد عرصے سے عالمی فروخت میں سرفہرست رہے ہیں، اب دوسرے نمبر پر آ جائیں گے۔
مضمون میں نشاندہی کی گئی کہ گاڑیوں کی عالمی فروخت کبھی جاپان اور امریکہ کے درمیان مسابقت کے زیر اثر تھی اور جاپان کو 2018 میں تقریباً 3 کروڑ گاڑیوں کی فروخت کے ساتھ عروج حاصل تھا۔
مضمون میں مزید بتایا گیا کہ 2022 میں چینی کار ساز ادارے جاپانی کمپنیوں سے تقریباً 80 لاکھ گاڑیاں پیچھے تھے تاہم چین محض 3 برس میں یہ برتری حاصل کر سکتا ہے۔


