لندن(شِنہوا)برطانیہ میں چینی سفارت خانے نے کہا ہے کہ چین تائیوان کے متعلق برطانیہ کے بیانات کی شدید مذمت اور سخت مخالفت کرتا ہے۔
پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی طرف سے تائیوان کے ارد گرد کی جانے والی فوجی مشقوں کے بعد برطانیہ کے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے دفتر کے ترجمان نے کہا تھا کہ انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے مزید کسی اقدام سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس سے امن واستحکام کو نقصان پہنچے۔ اس بیان کو چینی سفارت خانے نے غلط، حقائق کی غلط ترجمانی اور سچائی میں تحریف کے مترادف قرار دیا۔
چینی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ تائیوان چین کا ایک صوبہ ہے اور تائیوان کا مسئلہ چین کا داخلی معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایل اے کی طرف سے کی جانے والی فوجی مشقیں تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کے لئے ایک تعزیری اور باز رکھنے کا اقدام ہے، بیرونی مداخلت کے خلاف ایک سخت انتباہ ہے اور چین کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے ایک ناگزیر اقدام ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کسی بھی ملک کو اس معاملے پر غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کا حق حاصل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین برطانوی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ ایمانداری سے ایک چین کے اصول کا احترام کرے اور چین سے کئے گئے اپنے وعدے کی پاسداری کرے، ایسے کسی بھی اقدام سے باز رہے جو چین کے داخلی معاملات میں مداخلت کرے، تائیوان میں علیحدگی پسندوں کی حوصلہ افزائی کرے اور آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچائے۔


