بیجنگ(شِنہوا)چین میں 2025 کے دوران اناج کی مجموعی خریداری 41 کروڑ 50 لاکھ ٹن رہی۔ یہ مسلسل تیسرا سال ہے کہ اناج کی خریداری 40 کروڑ ٹن کی حد سے اوپر رہی ہے۔
خوراک اور تزویراتی ذخائر کے حوالے سے منعقدہ ایک قومی ورک کانفرنس میں بتایا گیا کہ چین میں اناج کی منڈیاں سال بھر مجموعی طور پر مستحکم رہیں اور قیمتوں میں بتدریج بہتری دیکھی گئی۔
اناج کی 90 فیصد سے زائد خریداری مارکیٹ کی بنیاد پر ہوئی جسے بہتر مالیاتی سہولیات، ذخیرہ کرنے کی بڑھتی ہوئی صلاحیت اور سرکاری و نجی کمپنیوں کی بھرپور شرکت سے تقویت ملی۔
اناج کی خریداری اور کم از کم قیمت خرید کی پالیسی چین کے میکرو کنٹرول اقدامات کا اہم حصہ ہیں جو قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کے لئے کم از کم قیمت خرید سکیم کے تحت تقریباً 2کروڑ 25 لاکھ ٹن گندم اور چاول خریدے گئے جس سے مارکیٹ کی توقعات کو مستحکم کرنے میں مدد ملی۔
قومی ادارہ شماریات کے مطابق 2025 کے دوران چین میں اناج کی مجموعی پیداوار 71 کروڑ 48 لاکھ 80 ہزار ٹن کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی نسبت 1.2 فیصد زائد ہے۔
نیشنل فوڈ اینڈ سٹریٹجک ریزرو ایڈمنسٹریشن کے سربراہ لیو ہوان شن کے مطابق 15ویں 5سالہ منصوبے (2026-2030) کے دوران چین اناج کی خریداری اور ذخائر کے نظام کو مزید مضبوط بنائے گا تاکہ قیمتوں کو مناسب سطح پر برقرار رکھا جا سکے۔


