جمعہ, جنوری 2, 2026
ہومانٹرنیشنلامریکہ نے ایران اور وینزویلا کے ہتھیاروں کی مبینہ تجارت پر پابندیاں...

امریکہ نے ایران اور وینزویلا کے ہتھیاروں کی مبینہ تجارت پر پابندیاں عائد کر دیں

واشنگٹن(شِنہوا)امریکی انتظامیہ نے ایران اور وینزویلا میں قائم 10 اداروں اور افراد پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ نے تہران پر کراکس کو روایتی ہتھیار فراہم کرنے اور امریکی سرزمین سمیت مغربی نصف کرہ میں امریکی مفادات کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی محکمہ خزانہ نے الگ الگ بیانات میں کہا کہ پابندیوں کا ہدف بننے والی وینزویلا کی ایک کمپنی کئی ملین ڈالر مالیت کے ایرانی ڈیزائن کردہ بغیر پائلٹ والے جنگی ڈرون (یو اے وی) کی فروخت میں ملوث تھی۔

بیانات میں کہا گیا ہے کہ پابندی کا شکار ہونے والے دیگر ادارے اور افراد ایرانی ڈرون اور بیلسٹک میزائل پروگراموں سے منسلک خریداری نیٹ ورکس کی حمایت کرنے کے مرتکب ہیں۔

محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ٹومی پیگوٹ نے کہا کہ آج نامزد کردہ ادارے اور افراد ظاہر کرتے ہیں کہ ایران فعال طور پر اپنے جنگی یو اے ویز پھیلا رہا ہے اور اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میزائل سے متعلق اشیاء حاصل کر رہا ہے۔

ٹومی پیگوٹ نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو محدود کرنے، دیگر روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کی تیاری روکنے اور ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لئے اقدامات کرے گی۔

امریکی محکمہ خزانہ کے انڈر سیکرٹری برائے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس جان کے ہرلے نے کہا کہ ہم تیز کارروائی جاری رکھیں گے تاکہ ان لوگوں کو امریکی مالیاتی نظام تک رسائی سے محروم کیا جا سکے جو ایران کے عسکری صنعتی کمپلیکس کو سہولت فراہم کرتے ہیں۔

محکمہ خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ایران کے یو اے وی اور میزائل پروگرام مشرق وسطیٰ میں امریکی اور اتحادی عملے کے لئے خطرہ ہیں اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!