بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ کے سنٹرل ایکسس کے اہم ثقافتی مقامات میں سے ایک، شیان نونگ تان مندر کے اندر موجود سکول کی منتقلی کے بعد مندر کے اندرونی اور بیرونی حصے دوبارہ جوڑ دیئے گئے ہیں۔ یہ قدم مندر کی تاریخی ساخت کو بحال کرنے کے لئے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
شیان نونگ تان مندر بیجنگ کے مرکزی علاقے کے جنوب مغرب میں واقع ہے اور یہ چین کا سب سے بڑا موجودہ قدیم شاہی فن تعمیر کا کمپلیکس ہے جو زراعت کےدیوتا کی پوجا کے لئے وقف ہے۔ یہ مندر منگ خاندان (1368-1644) اور چھنگ خاندان (1644-1911) کے روایتی زرعی اور مذہبی رسومات کی عکاسی کرتا ہے۔
بیجنگ کے میونسپل کلچرل ہیریٹیج بیورو کے ڈائریکٹر ژانگ لی شن کے مطابق جولائی 2024 میں بیجنگ سنٹرل ایکسس کو یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کئے جانے کے بعد شہر نے اس مندر کے تحفظ کے لئے خاکے تیار کئے اور اقدامات کئے کیونکہ سکول نے کبھی مندر کے اندر غیر متناسب قبضہ کیا ہوا تھا۔
ژانگ نے کہا کہ بیجنگ مندر کے تاریخی نقشے کو بحال کرنے، کھلے علاقوں کو بڑھانے اور زیادہ عوامی مقامات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔
سکول کی منتقلی کے بعد سیاحوں کو مندر کے اندرونی حصے اور قربان گاہ تک جانے کے لئے راستہ بدلنے کی ضرورت نہیں رہی۔ نیا سکول کیمپس ابتدائی طور پر ستمبر میں استعمال کے لئے کھولا گیا تھا۔
بیجنگ کی تاریخ 3 ہزار سال سے زیادہ پرانی ہے اور یہ 870 سال سے چین کا دارالحکومت رہا ہے جو اسے ثقافتی ورثے کا خزانہ بناتا ہے۔


