جمعہ, جنوری 2, 2026
ہومپاکستانپراپرٹی فائلوں، پلاٹس میں فراڈ پر وزیراعظم کا نوٹس، اعلی سطحی کمیٹی...

پراپرٹی فائلوں، پلاٹس میں فراڈ پر وزیراعظم کا نوٹس، اعلی سطحی کمیٹی قائم، ایک ماہ میں رپورٹ طلب

وزیراعظم شہباز شریف نے پراپرٹی فائلوں اور پلاٹس میں فراڈ کا نوٹس لیتے ہوئے اعلی سطحی کمیٹی قائم کر کے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وزیر قانون و انصاف کریں گے، چیئرمین ایف بی آر، تمام صوبوں کے سینئر ممبرز بورڈ آف ریونیو، نیب کا گریڈ 21 یا اس سے اوپر کا نمائندہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)کا نمائندہ کمیٹی میں شامل ہوگا جبکہ ایف بی آر کمیٹی کو سیکرٹریل معاونت فراہم کرے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ رئیل اسٹیٹ میں فائل سسٹم کے عملی طریقہ کار اور قانونی اسٹیٹس کا جائزہ لے جبکہ وفاقی اور صوبائی سطح پر اس کاروبار کے حکومتی ریونیو پر پڑنے والے اثرات کا بھی تجزیہ کرے، اس کیساتھ ساتھ فائل ہولڈرز اور خریداروں کے حقوق، خاص طور پر ڈویلپرز کی جانب سے مبینہ فراڈ، جعلی یا دہری فائلوں کے اجرا اور ایک ہی جائیداد کی بار بار فروخت جیسے معاملات کو بھی جانچا جائے گا۔

ٹی او آرز کے تحت کمیٹی متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کی سفارش کرے گی تاکہ پراپرٹی فائلوں کی خرید و فروخت کو ایک واضح اور باضابطہ قانونی فریم ورک کے تحت لایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکسوں کی درست وصولی کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کو اپنے مینڈیٹ سے جڑے دیگر امور کا جائزہ لینے کا بھی اختیار حاصل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!