محکمہ تعلیم پشاور نے ملازمین کو سیاسی سرگرمیاں ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے جرمانوں، نوکری برخاستگی کا عندیہ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم پشاور نے ملازمین کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے کیلئے ڈی ای اوز کو خطوط ارسال کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ملازمین مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سیاسی وابستگیوں کا اظہار کر کے خود کو سیاسی سرگرمیوں میں شامل کر رہے ہیں۔
خطوط میں کہا گیا ہے کہ ذاتی سوشل میڈیا اکائونٹس کو سیاسی نظریات کی تشہیر کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے، اساتذہ کو انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونے کیلئے اپنی سرکاری حیثیت کا استعمال کرنے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔
خط میں تمام سرکاری ملازمین کو کسی سیاسی مہم میں حصہ لینے سے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر جرمانوں کیساتھ نوکری برخاستگی بھی ہوسکتی ہے۔


