چھانتھا بوری،تھائی لینڈ/نوم پنہ(شِنہوا) تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق دن 12 بجے سے جنگ بندی کرنے پر اتفاق کرنے کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر دئیے ہیں۔
اس اعلامیے پر تھائی لینڈ کے وزیر دفاع نتھاپون نکپانیچ اور کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع ٹی سیہا نے خصوصی جنرل بارڈر کمیٹی (جی بی سی) کے تیسرے اجلاس میں دستخط کئے۔ یہ اجلاس سرحد پر تھائی لینڈ کی جانب چھانتھا بوری صوبے میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تھائی لینڈ کے وزیر دفاع نتھاپون نے کہا کہ اس اعلامیے کے کلیدی نکتے میں دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدہ بھی شامل ہے جس کے مطابق بغیر کسی مزید نقل وحرکت کے افواج کی موجودہ تعیناتی کو برقرار رکھا جائے گا اور کسی بھی فریق کی جانب سے دوسرے فریق کی پوزیشنز کی طرف مزید فوجی نقل و حرکت یا گشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تھائی افواج صرف اس وقت ہی جنگ بندی پر غور کریں گی جب عملی اقدامات اور حقیقی رویے کی بنیاد پر تمام جارحانہ کارروائیاں واضح طور پرختم ہوتی نظر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی 72 گھنٹوں تک نگرانی کی جائے گی، جب صورتحال معمول پر آجائے گی تو عام شہری محفوظ طریقے سے اپنے گھروں کو واپس جا سکیں گے، اس کے بعد بین الاقوامی اصولوں اور طریقہ کار کے مطابق گرفتار کئے گئے 18 کمبوڈین فوجیوں کو رہا کیا جائے گا۔
کمبوڈیا کی وزارت دفاع کے مطابق اگر جنگ بندی کو مکمل طور پر 72 گھنٹوں تک برقرار رکھا گیا تو تھائی لینڈ 18 گرفتار کمبوڈین فوجیوں کو واپس کر دے گا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ موجودہ معاہدوں کے مطابق جلد از جلد سروے اور حد بندی کا کام دوبارہ شروع کرنے کے لئے مشترکہ سرحدی کمیشن سے رجوع کیا جائے تاکہ سرحد پر دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔


