پاکستانی طلباء پر تشدد ،کرغز ناظم الامور ڈیمارش کیلئے دفتر خارجہ طلب

اسلام آباد : دفتر خارجہ نے کرغزستان کے سفارتخانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کیلئے طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل دفتر خارجہ اعزاز خان نے کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور میلس مولدالیف کو طلب کیا اور وہاں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کیخلاف واقعات کی رپورٹس پر حکومت پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ۔
جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے حکومت پاکستان کرغز حکومت سے رابطے میں ہے، کرغز حکام نے بشکیک میں پاکستانیوں سمیت غیرملکی طلبا کے خلاف تشدد کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق کرغز حکام نے انکوائری کرانے اور قصور واروں کو سزا دینے کا بھی وعدہ کیا ہے، کرغزستان میں پاکستانی سفارت خانے نے ہنگامی ہیلپ لائن کھول دی ہے ، سفارتخانے نے طلباء اور اہلخانہ کے سوالات کے جوابات دیئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم اعلی کرغز حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں، کرغز وزارت صحت کے مطابق 4 پاکستانیوں کو ابتدائی طبی امداد دیکر فارغ کردیاگیا جبکہ ایک پاکستانی جبڑے کی چوٹ کے باعث زیر علاج ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان دنیا بھر میں اپنے ہم وطنوں کے تحفظ و سلامتی کے معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیتی ہے، ہم وطنوں کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ کو صورتحال پر نظر رکھنے اور پاکستانی شہریوں کو مکمل مدد اور سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔
دوسری جانب کرغزستان کے ناظم الامور نے کہا ہے کہ کرغز حکومت کو پاکستانی طلبا اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts