ہانگ ژو(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبے ژےجیانگ میں ننگبو-ژوشان بندرگاہ نے رواں سال سمندر اور ریل کے ذریعے 20 لاکھ سے زائد 20 فٹ مساوی یونٹس (ٹی ای یوز) کی نقل وحمل مکمل کرلی ہے۔ یہ ایک تاریخی بلند ترین سطح ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 11.4 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
2009 میں سمندر اور ریل کے مربوط نظام کے آغاز کے بعد سے اس بندرگاہ نے فعال طور پر ایک ایسا کھلا ڈھانچہ تیار کیا ہے جو ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے مشرقی اور مغربی علاقوں کے درمیان باہمی رابطوں کو آسان بناتا ہے۔
اب تک اس بندرگاہ کا سمندر اور ریل پر مشتمل نقل و حمل کا مشترکہ نیٹ ورک چین کے 16 صوبائی سطح کے خطوں کے 69 شہروں تک پھیل چکا ہے۔ اس کے ذریعے ہونے والی مال برداری کا حجم 2020 کے 10 لاکھ ٹی ای یوز سے بڑھ کر اس سال 20 لاکھ ٹی ای یوز تک پہنچ گیا ہے۔
دریائے یانگسی اقتصادی پٹی اور دریائےیانگسی طاس کی مربوط ترقی کے لئے ایک اہم مرکز کی حیثیت سے یہ بندرگاہ سمندری اور ریل کے مشترکہ نظام کے ذریعے چین کے اندرونی علاقوں کو عالمی منڈی سے ملاتی ہے۔


