پبلک ٹوائلٹس تعمیر نہ کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،سندھ ہائیکورٹ

کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو سندھ کے 32 اضلاع میں پبلک ٹوائلٹس تعمیر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک ٹوائلٹس تعمیر نہ کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عوامی مقامات پر پبلک ٹوائلٹس کی عدم دستیابی سے متعلق طارق منصور ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔
درخواست گزار نے مو قف اپنایا پبلک ٹوائلٹس نہ ہونے سے خواتین، بچوں اور معذور افراد کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ،اقوام متحدہ کے کنونشن کے مطابق سندھ حکومت سرکاری سطح پر پبلک ٹوائلٹس بنانے کی پابند ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ قانون کے مطابق بھی حکومت پر عوامی ٹوائلٹس تعمیر کرنا ضروری ہے، پبلک ٹوائلٹس تعمیر نہ کرنا آئین کے آرٹیکل 4اور 19کی بھی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ عدالت حکومت کو بس سٹاپ، شاپنگ سینٹرز، پارکس، قبرستانوں اور دیگر مقامات پر ٹوائلٹس تعمیر کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے کہا کہ پبلک ٹوائلٹس تعمیر نہ کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سندھ حکومت کو صوبے کے 32اضلاع میں پبلک ٹوائلٹس تعمیر کرنے کا حکم دے دیا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts