بیجنگ : وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاک چین مالیاتی و بینکنگ تعاون کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا مظہر قرار دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی وزیر خزانہ سے ملاقات کی جس میں پاک چین کے درمیان بڑھتے بزنس ٹو بزنس روابط کے پیش نظر مالی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے گورننس، ریونیو اور کاروبار کرنے میں آسانی پر حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی ۔وزیر خارجہ نے پاک چین مالیاتی و بینکنگ تعاون کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین سے سرمایہ کاری پاکستان کی ترجیح ہے، اس مقصد کیلئے جن ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں زراعت، آئی ٹی، کانوں اور معدنیات اور قابل تجدید توانائی شامل ہیں۔
اس موقع پر چینی وزیر خزانہ نے پاکستانی معیشت کی مثبت رفتار کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کو سراہا اور مالی استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں چین کی پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی اور بینکنگ کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے تعاون کو سراہا۔
Load/Hide Comments