آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک کے دوران شر پسندوں کی معاملات بگاڑنے کی کوششیں ناکام ہوئیں،شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک کے دوران شر پسند عناصر کی معاملات بگاڑنے کی کوششیں ناکام ہوئیں،آزاد کشمیر کی ترقی پاکستان کی ترقی وخوشحالی سے جڑی ہے، مقبوضہ کشمیر کے بھائی ، بہنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، پاکستان دنیا میں کشمیریوں کیلئے آواز اٹھاتا ،اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا ، 23 ارب روپے کا منظور شدہ پیکیج آزاد کشمیر حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوچکا ہے، زیر التوا معاملات کا جلد حل نکالیں گے تاکہ آئندہ تاقیامت ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔
تفصیلا ت کے مطابق آزاد کشمیر کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پچھلے دنوں یہاں تشویشناک دن تھے، اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ معاملات بہتر طریقے سے حل ہوئے۔ صورتحال کنٹرول کرنے میں کردار اداکرنے پر صدر زرداری اور ،وزیراعظم آزاد کشمیر، کابینہ، آئی جی پولیس اور تمام اتحادی جماعتوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مشکور ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک چلانے والوں نے جائز مطالبات کیلئے جمہوری انداز میں احتجاج ریکارڈ کروایا لیکن اس میں بعض ایسے شرپسند عناصر بھی تھے جن کا مقصد آزاد کشمیر میں توڑ پھوڑ ، انسانی جانوں کاضیاع اور جلاؤ گھیراؤ کرنا تھا مگر ان کی یہ کوششیں ناکام ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے مفاد بہتر طریقے سے جانتی ہے ، 25 کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، کشمیریوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، آج یقین دلانے آیا ہوں کہ ہم آزاد کشمیر کے دلوں کیساتھ ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے لئے پوری دنیا میں آواز اٹھاتا رہیگا۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی کانفرنس میں بھی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کشمیری عوام کیلئے بھرپور آوازاٹھائی اور جو اعلامیہ جاری ہوا اس میں کشمیر کا بھرپور طریقے سے ذکر کیا گیا ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے موقع پر پریس کانفرنس میں بھی میں نے کشمیر کی بات بھرپور طریقے سے کی ، ان سے مسئلہ کشمیرپر سیرحاصل گفتگو ہوئی ہے ، یہ صرف زبانی باتیں نہیں ہیں ،یہ دلوں کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند روز قبل اٹھنے والی تحریک میں ایک پولیس سپاہی اور کچھ شہری اللہ جاں بحق ہوئے ،اسی طرح توڑ پھوڑ ہوئی، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو اس دنیا سے چلے گئے، اپنے پیاروں کو پیچھے چھوڑ گئے، ان کے آنسو تک قیامت تک خشک نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے شہدا کیلئے جو پیکیج اعلان کر رکھا ہے، وہ انہیں فی الفور وہ پہنچایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کیلئے منظور کیا گیا 23 ارب روپے کا پیکیج آزاد کشمیر حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوچکا ہے، یہ کوئی احسان نہیں ہمارا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کوقائداعظم نے پاکستان کی شہ رگ کہا تھا، وادی کشمیر میں جو بے گناہ کشمیروں کا خون بہہ رہا ہے، تہاڑ جیل میں ان کیساتھ جو ظلم اور زیادتی ہو رہی ہے، جس طرح انہیں سزائے موت دینے کیلئے آوازیں اٹھ رہی ہیں، اس کا نتیجہ سب نے دیکھا کہ انتخابات ہوئے تو حکومتی جماعت اپنے نام پر وہاں الیکشن نہیں لڑ سکی۔انہوں نے کہا کہ جہاں ظلم، زیادتی ہوتی ہے، اس کا آگے سے یہی جواب ملتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی اور بہنوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، وہ باقاعدہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہیں، ہم نے ہمیشہ تمام اخلاقی سپورٹ دی ہے اور دیتے رہیں گے اور سفارتی کوششیں بھی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں بھی 36ہزار فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا ہے، ہزاروں بچے ، خواتین اور مرد جام شہید ہوچکے ہیں مگر دنیا کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ہمیں اپنی پر امن جدوجہد اور اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھنی ہے، انشا اللہ وہ دن جلد آئے گاجب کشمیری اور فلسطینی عوام کو ان کے حقوق ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو بتانے آیا ہوں کہ آزاد کشمیر کی ترقی پاکستان کی ترقی و خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے،آزاد کشمیر کے بھائی بہن ترقی اور خوشحالی کا سفر طے کریں گے تو اس میں پاکستان کی عزت ہے، پاکستان آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان جو باتیں طے ہیں، اس پر عمل پیرا ہونا ہم پر فرض ہے، آئی ایم ایف کی ٹیم آئی ہوئی ہے، وزیر برائے توانائی اور سیکرٹری وہاں مصروف ہیں، ٹیم کے دورے کے بعد زیر التوا معاملات کا جلد جامع گفتگو سے حل نکالیں گے تاکہ آئندہ اس طرح کا واقعہ تا قیامت دوبارہ نہ ہو۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts