وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان، اتحاد و تنظیم محض نعرہ نہیں موثر و منصفانہ طرزِ حکمرانی کی بنیاد ہیں، نظریہ پاکستان انصاف، خودداری اور عوامی فلاح پر مبنی ریاست کا متقاضی ہے۔
یوم قائد پر جاری بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ قائداعظم کے افکار آج کے قومی چیلنجز کے تناظر میں مکمل رہنمائی فراہم کرتے ہیں، قائد کا ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصول محض نعرہ نہیں بلکہ موثر و منصفانہ طرزِ حکمرانی کی بنیاد ہیں، نظریہ پاکستان ایک ایسی ریاست کا تقاضا کرتا ہے جو انصاف، خودداری اور عوامی فلاح پر مبنی ہو۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر مظالم عالمی ضمیر کیلئے کھلا سوال ہیں، بھارتی حکمرانوں کی انتہا پسند سوچ سے ثابت ہوا قیامِ پاکستان ناگزیر تاریخی فیصلہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نظریہ پاکستان کو فلاحی ریاست کے عملی تصور سے جوڑا، ان کی سیاست کا محور قائداعظم کا تصورِ ریاست اور قومی خودمختاری ہے، بانی نے واضح کیا کہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کا تحفظ ہی قومی استحکام کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی، میرٹ اور سماجی انصاف کے بغیر کوئی ریاست مضبوط نہیں ہو سکتی، خیبر پختونخوا حکومت قائداعظم کے اصولوں کو عملی طور پر حکمرانی کا حصہ بنا رہی ہے جہاں شفافیت، میرٹ اور عوامی فلاح کو حکومتی ترجیحات میں اولیت حاصل ہے۔


