وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق پر سمجھوتہ نا ممکن، کسی اقلیتی کیساتھ زیادتی ہوئی تو سیسہ پلائی دیوار بن کر ساتھ کھڑی ہونگی، اقلیتوں کی فلاح و بہبود مزید بہتر بنانے کیلئے مینارٹی کارڈ کی رقم بڑھا کر ایک لاکھ روپے کی جائیگی۔
کرسمس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم سب مسلمان، سکھ، مسیحی یا ہندو نہیں بلکہ پاکستانی ہیں، پنجاب اقلیتوں کیلئے ایک بہتر جگہ ہے، کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اقلیتوں کے حقوق سے کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کہیں اقلیتوں کیلئے قبرستانوں سے متعلق مسائل درپیش ہیں تو انہیں فوری طور پر حل کیا جائیگا۔
وزیراعلی نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، جب تک وزیراعلی ہوں پنجاب میں کسی بھی اقلیتی رکن کیساتھ زیادتی ہوئی تو وہ اس کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کی جانب سے چرچز کی صفائی کے اقدامات قابل تعریف ہیں، پنجاب میں تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کو صاف اور بہتر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ میں اقلیتوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا دوسروں کا، جو حکومت اقلیتوں کے تحفظ میں ناکام ہو، اسے اپنا کام سمیٹ کر گھر جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مینارٹی کارڈ کی رقم کو 75ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
وزیراعلی نے اقلیتی رہنماء رمیش سنگھ اروڑا کو اقلیتوں کیلئے درکار بجٹ کی تفصیلات بتانے کی ہدایت کی۔


