وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ڈی این اے میں مذاکرات کی گنجائش نہیں، وہ اصول پرست نہیں 200فیصد مفاد پرست شخص ہیں، انہوں نے ساری زندگی ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر کئے جاتے ہیں، وزیر اعظم تواتر کیساتھ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں، اللہ کرے مثبت اور نتیجہ خیز مذاکرات ہو سکیں، پی ٹی آئی اگر اپنا ہائوس ان آرڈر کرلے تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امورراناثنا اللہ نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت مذاکرات سے آگے بڑھتی ہے ڈیڈلاک سے نہیں، بانی پی ٹی آئی مذاکرات نہیں افراتفری چاہتے ہیں، مذاکرات کرنا انکی پالیسی میں نہیں، وزیراعظم اس سے پہلے بھی چار بار پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔


