وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت افواج پاکستان کی جانب سے سکھایا گیا سبق کبھی بھولے گا نہیں، طلباء کو دیئے جانیوالے لیپ ٹاپ مشین نہیں، وژن ہے، ملک کو عظیم بنانے کا وقت آگیا ہے۔
مظفر آباد میں طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے ہیں، طلباء کو دیئے جانیوالے لیپ ٹاپ کوئی مشین نہیں ایک وژن ہے، اگر لیپ ٹاپ دینا رشوت ہوتی تو کیا آج ہمارے نوجوان ڈاکٹر اور انجینئر بن سکتے تھے؟۔
انہوں نے کہا کہ آج تک ایک لیپ ٹاپ بھی سفارش پر نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم محنت سے پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں اور اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ مئی میں ہونیوالی جنگ میں آزاد کشمیر کے لوگ بھی افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے دعاگو تھے، معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو وہ کبھی بھولے گا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام طویل عرصے سے قربانیاں دے رہے ہیں، وہ وقت جلد آجائے گا جب کشمیر بنے گا پاکستان اور مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا۔


