لبنان میں ایک گاڑی پر اسرائیل کے فضائی حملے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، لبنانی حکام کے مطابق یہ حملہ جنوبی علاقے سیدون کے قریب گزشتہ روز کیا گیا جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ہدف حزب اللہ کے عسکری کارکن تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ اسرائیلی ڈرون نے گاڑی پر کیا جو سیدون کے ساحلی شہر سے تقریبا ً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر تھی، وزارت صحت نے بھی تین ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملے میں کئی حزب اللہ کے دہشتگرد نشانہ بنائے گئے ہیں، اسرائیل اور لبنان کے درمیان گزشتہ سال نومبر میں ایک جنگ بندی معاہدہ ہوا تھا تاہم اسرائیل حزب اللہ کی دوبارہ مسلح ہونے کی وجہ سے سرحدی حملے جاری رکھے ہوئے ہے، لبنان نے امریکی دبائو اور بڑھتے ہوئے اسرائیلی حملوں کے خدشات کے پیش نظر حزب اللہ کو جنوب میں ہتھیار جمع کروانے کا وعدہ کیا ہے، لبنانی فوج اس منصوبے کو لیتانی دریا کے جنوب میں سال کے آخر تک مکمل کرنے کی تیاری کر رہی ہے، اسرائیل اور لبنان کے نمائندے جمعہ کو جنگ بندی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے جس میں اقوام متحدہ، فرانس، امریکہ اور یونفیل کے نمائندے بھی شامل تھے۔
لبنانی صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ مذاکرات کا مقصد دھماکوں کو روکنا، اسرائیل کا انخلا، قیدیوں کی واپسی اور جنوبی علاقہ کے لوگوں کو انکے گائوں واپس بھیجنا ہے، اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں جنگ بندی کے بعد سے لبنان میں 340 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔


