آئی ایم ایف کا پاکستان کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں خرابیوں پر اظہارتشویش

اسلام آباد:آئی ایم ایف نے پاکستان کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں خرابیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا دائرہ کار 5 بڑے شعبوں میں مکمل عائد کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ۔تفصیلات کے مطابق نئے قرض کے حصول کیلئے آئی ایم ایف جائزہ مشن کیساتھ مذاکرات کے دوسرے روز ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے کیلئے کئے گئے اقدامات اور تاجر دوست سکیم کے تحت ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے بارے بریفنگ دی گئی۔
آئی ایم ایف کو بتایا گیا کہ تاجر دوست ایپ سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن تیز ہوگئی ہے ، اب تک ڈھائی ہزار تاجر رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔آئی ایم ایف حکام کو پانچ لاکھ 77ہزار سے زائد نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کہ نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کے پراسیس کو سٹریم لائن کیا جارہا ہے،اس بارے ایف بی آر ،پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا جارہا ہے۔
آئی ایم ایف جائزہ مشن کو ٹوبیکو،شوگر،سیمنٹ اور بیوریجز سمیت 5شعبوں میں لاگو کیے گئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں خرابیوں پر تشویش کا اظہار کیا جس پر مشن حکام کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں خرابیوں کے ذمے داروں کے خلاف کی جانے والی حالیہ کارروائی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔دونوں کے درمیان ٹیکس اسٹرکچر اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن پر بھی مذاکرات ہوئے۔
آئی ایم ایف نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کی ،وزیراعظم آفس کو دی گئی رپورٹ آئی ایم ایف مشن کو بھی پیش کردی گئی ہے۔
آئی ایم ایف نے ایف بی آر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا دائرہ 5 بڑے شعبوں میں مکمل عائد کرنے کی ڈیڈ لائن دی اور آئندہ مالی سال ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل نصب کرنے کی تجویز دی ۔آئی ایم ایف مشن اور ایف بی آر نے ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس چوری روکنے کیلئے اصلاحاتی عمل تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts