صحافیوں سے مبینہ تعلق، سرکاری ملازم اور اسکے گھر والوں کی زندگی عذاب بن گئی

اسلام آباد(انٹرنیوز ) سرکاری ادارے کے ملازم محمد عرفان نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے جان سے مار دینے کی دھمکیوں کے بعد گھر سے غائب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت اطلاعات کے ذیلی ادارے کے ملازم محمد عرفان پر الزام ہے کہ اس نے معروف صحافی ارشد شریف جسے کینیا میں قتل کردیا گیا کو بعض حساس معلومات فراہم کی تھیں۔
چند ماہ قبل محمد عرفان کا تبادلہ اسلام آباد سے قبائلی علاقوں میں کردیا گیا تھا اور اس تبادلے کی وجہ بھی محمد عرفان اور مقتول صحافی ارشد شریف کے درمیان مبینہ رابطہ قرار دیا جارہا تھا۔
قبائلی علاقوں میں تبادلے کے بعد سے محمد عرفان کو نامعلوم افراد کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چند روز قبل رات گئے کچھ مسلح افراد محمد عرفان کے گھر میں داخل ہوئے اور اسکی بیوہ ماں اور چھوٹے بہن بھائیوں کو گھر میں یرغمال بنائے رکھا۔ مسلح افراد کئ گھنٹے گھر میں رہے اور گھر میں موجود سامان کی توڑ پھوڑ کرتے رہے۔
مسلح افراد نے دھمکی دی کہ محمد عرفان کو سبق سکھا دیا جائے گا اور جہاں بھی ملا اس سے نبٹ لیا جائے گا۔ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی دھمکی دی کہ اگر تم میں سے کوئی پولیس کے پاس گیا تو بہت برا سلوک کیا جائے گا۔
بعض ذرائع کا دعوٰی ہے کہ محمد عرفان اپنی جان بچانے کے لیے پاکستان چھوڑ چکا ہے لیکن ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ جب انٹرنیوز نے محمد عرفان کے گھر رابطہ کیا تو وہاں گھر کو تالا لگا ہوا تھا۔ پوچھنے پر محلے داروں نے بتایا کہ عرفان کی والدہ اور چھوٹے بہن بھائی بھی اپنا گھر چھوڑ کر نامعلوم مقام پر منتقل ہو چکے ہیں اور انکا کائی اتا پتا نہیں ہے۔ جب انٹرنیوز کے نمائندہ نے مقامی پولیس اسٹیشن رابطہ کیا تو پولیس نے سارے معاملے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts