نوم پنہ(شِنہوا)چائنہ فاؤنڈیشن برائے دیہی ترقی (سی ایف آر ڈی) نے کمبوڈیا کے سکولوں کو 2 ہزار 500 سائیکلیں اور 21 ہزار 600 پانڈا پیکس عطیہ کئے ہیں جو مستحق اور سہولتوں سے محروم طلبہ میں تقسیم کئے جائیں گے۔
سی ایف آر ڈی نے اپنے مقامی شراکت دار سول سوسائٹی الائنس فورم کے ذریعے یہ عطیات دارالحکومت نوم پنہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران مستفید ہونے والے سکولوں کے حوالے کئے۔ اس موقع پر کمبوڈیا کے مستقل نائب وزیراعظم اور کابینہ وزیر وونگسے ویسوتھ اور کمبوڈیا میں چین کے سفیر وانگ وین بن بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وونگسے ویسوتھ نے کہا کہ نوم پنہ اور دیگر 12 صوبوں کے 128 سکولوں میں زیر تعلیم سہولیات سے محروم طلبہ اس عطیہ سے فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قیمتی تحائف دوستی، یکجہتی اور انسانیت کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں اور خاص طور پر کمبوڈیا کے عوام اور حکومت کے لئے چین کے عوام اور حکومت کی جانب سے محبت، دیکھ بھال اور حمایت کا اظہار ہیں۔

کمبوڈیا میں چین کے سفیر وانگ وین بن (بائیں جانب) کمبوڈیا کے مستقل نائب وزیراعظم اور کابینہ وزیر وونگسے ویسوتھ (دائیں جانب) کو علامتی طور پر پانڈا پیکس اور سائیکلوں پر مشتمل عطیہ حوالے کر رہے ہیں-(شِنہوا)
چینی سفیر وانگ وین بن نے دیہی عوام اور طلبہ کے لئے معاشی حالات، تعلیم، نقل و حمل کی بنیادی سہولتوں، صاف پانی، نکاسی اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے چین اور کمبوڈیا کی غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان موثر تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سی ایف آر ڈی کا یہ عطیہ کمبوڈیا کے عوام کے لئے چینی عوام کے گہرے جذبات اور بھرپور حمایت کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
مستفید ہونے والے سکولوں کے نمائندوں نے اس فراخدلانہ عطیہ پر دلی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سائیکلیں اور پانڈا پیکس سہولتوں سے محروم طلبہ کے لئے نہایت قیمتی ہیں۔


