وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ کیلئے بجلی کے سپیشل فیڈرز، سیوریج سسٹم اور سڑکوں کی مرمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی پاکستان کو بندوق کے زور پر توڑنے کی کوشش تاقیامت کامیاب نہیں ہوگی۔
پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سرفرار بگٹی نے کہا کہ ہم ایک لمحے کیلئے بھی دہشت گردوں کے بندوق کے نظریئے کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں، اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستان کو بندوق کے زور پر توڑ لیں گے تو ان کی یہ کوشش تاقیامت ناکام رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر سپاہی دہشت گردوں کے مقابلے کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔
وزیراعلی بلوچستان نے مزید کہا کہ لیڈرز مقبول نہیں، درست فیصلے کرتے ہیں، آج پورے بلوچستان کو اے ایریاز میں تبدیل کیا جاچکا ہے، یہ صرف ایک مضبوط فیصلہ نہیں، یہ بلوچستان پولیس کیلئے اعزاز اور ذمہ داری کی بات ہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کو پھر ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ اگر آئین پاکستان کے اندر رہتے ہوئے واپس آنا چاہتے ہیں تو ریاست کے راستے کھلے ہیں، اگر آپ ریاست کے کارآمد شہری بننے کو تیار نہیں ہیں تو ہم اس کیلئے بھی تیار ہیں۔


