واشنگٹن(شِنہوا)امریکی سدرن کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکہ کی فوج نے مشرقی بحرالکاہل میں بین الاقوامی پانیوں میں ایک اور مبینہ منشیات بردار کشتی پر حملہ کر کے 4 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
کمانڈ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ کشتی نامزد دہشت گرد تنظیم کے زیر استعمال تھی اور امریکی انٹیلی جنس نے تصدیق کی ہے کہ یہ مشرقی بحر الکاہل میں منشیات کی سمگلنگ کے معروف راستوں پر سفر کر رہی تھی اور منشیات کی سمگلنگ کی کارروائیوں میں ملوث تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر منشیات کے کام سے وابستہ 4 مرد دہشت گرد ا س کارروائی میں ہلاک ہوئے اور کسی امریکی فوجی کو کارروائی کے دوران نقصان نہیں پہنچا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حملہ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
ستمبر کے اوائل سے پینٹاگون نے کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں 26 سے زائد مبینہ منشیات بردار جہاز ڈبو دیئے ہیں، جس میں کم از کم 99 افراد ہلاک ہوئے۔
حالیہ ہفتوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بار بار کہا ہے کہ امریکی فوج بہت جلد کیریبین میں منشیات سمگلروں کو نشانہ بناتے ہوئے زمینی حملے شروع کرے گی، جس سے امریکہ اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔


