گندم خریداری میں غفلت، ایم ڈی پاسکو و جی ایم پروکیورمنٹ معطل

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے گندم خریداری معاملے میں غفلت برتنے پر ایم ڈی پاسکو اور جی ایم پروکیورمنٹ کو معطل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، گندم کی خریداری عمل شفاف بنانے کیلئے موبائل فون ایپلی کیشن تیار کی جائے، پاسکو سٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت گندم کی طلب، رسد اور خریداری پروگرام بارے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین اور دیگر متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں وزیراعظم نے استفسار کیا کہ گندم کی خریداری کے عمل کیلئے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نہیں کروائی گئی ؟ وزیراعظم نے گندم خریداری عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال بارے ہدایات پر عمل نہ کرنے اور غفلت برتنے پر ایم ڈی پاسکو اور جنرل مینیجر پروکیورمنٹ کو معطل کردیا۔
وزیر اعظم نے گندم کی خریداری کا عمل شفاف بنانے کے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال ، موبائل فون ایپلی کیشن تیار کرنے اور پاسکو سٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،حکومت ملک میں غذائی تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے کسانوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسان کے معاشی تحفظ کیلئے اجناس کی انشورنس یقینی بنائی جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ پاسکو 4لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم کی شفاف اور موثر طریقے سے خریداری کرے،اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز و افسران کا انتخاب کیا جائے گا ،ان کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts