اسلام آباد: سابق صدر عارف علوی نے خود کو پارٹی چیئرمین نامزد کئے جانے بارے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں، چوری شدہ مینڈیٹ کیساتھ جھوٹا، جذباتی و غیر منطقی منظر نامہ ہم پر مسلط کیا گیا ،تفرقہ و نفرت انگیز بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک بیان میں سابق صدر عارف علوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غیر ضروری قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ عمران خان مجھے پارٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے قائد کی طرف سے ایسی کوئی بات کی گئی ہے نہ ہی ان کے ساتھ میری ملاقات میں اس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ قیاس آرائیاں ایک ایسی پارٹی میں الجھن پیدا کرتی ہیں جس کی قیادت کو غلط و غیر منصفانہ طور پر قید کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں گرفتاریوں، جبر، بربریت اور تشدد کے باوجود پی ٹی آئی متحرک ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بیرسٹر گوہر پارٹی کی قیادت بخوبی کر رہے ہیں اور پارلیمنٹ میں بھی موجود ہیں، میں اس غلط اور غیر اہم مسئلے کو واضح انکار کے ساتھ ختم کرنا چاہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں کیونکہ چوری شدہ مینڈیٹ کے ساتھ ایک جھوٹا، جذباتی اور غیر منطقی منظر نامہ ہم پر مسلط کیا گیا ہے اور تفرقہ و نفرت انگیز بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے۔
Load/Hide Comments