جمعرات, مئی 29, 2025
ہومLatestایران نے مسئلہ فلسطین پرپاکستان کا موقف قابل تحسین قرار دے دیا

ایران نے مسئلہ فلسطین پرپاکستان کا موقف قابل تحسین قرار دے دیا

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے مسئلہ فلسطین پرپاکستان کا موقف قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم دنیا میں سلامتی ،تحفظ کا ذریعہ مسلم اقوام کے درمیان اتحاد و تعلقات کی مضبوطی میں ہے بعض مسلم ممالک کا صیہونی حکومت کا ساتھ دینا افسوسناک ہے، ایران اور پاکستان کو مل کر صیہونی حکومت کو غزہ میں جرائم سے روکنا چاہئے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان مو قف قابل تحسین ہے، اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کیلئے مسلم ممالک کو ہمیشہ ترغیبات رہی ہیں تاہم ان ترغیبات سے پاکستان کبھی متاثرنہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جب دنیا میں جنگ پسند عناصر کے پاس جنگیں اور تنازعات پیدا کرنے کے بے شمار محرکات موجود ہیں، ایسے میں امت مسلمہ کے تحفظ کا واحد راستہ مسلم اقوام کا اتحاد ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے، غزہ میں حالات اس حد تک بگڑ چکے ہیں کہ یورپ اور امریکا میں لوگ اپنی حکومتوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، لیکن انہی حالات میں بعض مسلم حکومتیں صہیونی حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ایران اور پاکستان کی موثر اور مشترکہ کوششیں صہیونی حکومت کے غزہ میں جرائم کو روکنے کیلئے ضروری ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کی کئی شعبوں میں مدد کر سکتے ہیں، ہمیں امید ہے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی شعبوں سمیت باہمی تعلقات میں جامع وسعت آئے گی۔

آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کے خاتمے پر خوش ہیں، امید رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازعات حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی دنیا کے مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں، اور بہت سی پیش رفت اس امید کی تصدیق کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ گرم جوش اور برادرانہ رہے ہیں، ایران پر صدام کی مسلط کردہ جنگ کے دوران پاکستان کا قابل تحسین موقف ان برادرانہ تعلقات کی واضح مثال ہے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!