وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان اور بشری بی بی کیساتھ روا غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے حقوق کیلئے تمام سیاسی و قانونی راستے اختیار کرینگے، این ایچ پی اور این ایف سی بقایاجات پر محکمہ خزانہ کو ہر ہفتے وفاق کو خط ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعہ کو کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ این ایف سی اجلاس میں صوبائی حقوق کیلئے سب کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، کمیٹی کی سربراہی صوبائی مشیر خزانہ کریں گے، واجبات کے حوالے سے سفارشات وفاق کو پیش کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کیلئے تمام سیاسی و قانونی راستے اختیار کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ضم اضلاع کیلئے سالانہ 100 ارب روپے کا وعدہ کیا گیا تھا، سات سال میں صرف 168 ارب دیئے گئے ہیں، 532 ارب اب بھی بقایا ہیں، این ایچ پی اور این ایف سی بقایاجات پر محکمہ خزانہ کو ہر ہفتے وفاق کو خط ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام محکمے بھی بقایاجات کے حوالے سے وفاق کو ہفتہ وار خط ارسال کریں تاکہ ساری چیزیں ریکارڈ پر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان و اہلیہ عمران خان کیساتھ رواغیر انسانی سلوک قابل مذمت ہے، دونوں کو ناحق قید اور آئیسولیشن میں رکھا جارہا ہے، بانی و اہلیہ کو سردیوں کا سامان بھی فراہم نہیں کیا جارہا ہے، بانی کی بہنوں پر واٹر کینن کا استعمال اور بے عزتی کرنا شرمناک ہے ۔


