لاہور: صدر آصف زرداری نے پاکستان کا وجود تمام سیاسی جماعتوں کیلئے لازم وملزوم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں متحرک و فعال ہے،ہمیشہ ملک و جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں۔ذرائع کے مطابق پیر کو صدر آصف زرداری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی قیادت میں پیپلزپارٹی اٹک کی تنظیم اور ٹکٹ ہولڈرز نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی مزدوروں، محنت کشوں، سرکاری ملازمین اور پسے ہوئے طبقے کی جماعت ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں، پنجاب میں متحرک اور فعال ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو تمام سیاسی جماعتیں ہیں، پاک بھارت کشیدگی میں پیپلزپارٹی سمت تمام سیاسی جماعتیں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئیں اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔اس موقع پر اٹک کی تنظیم نے صدر مملکت کو اٹک کے دورے کی دعوت بھی دی۔